پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں مبینہ ہنی ٹریپ کے ذریعے مقتول تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش اور اس میں ایک ٹک ٹاکر کے مبینہ کردار سے متعلق پولیس نے اہم انکشافات کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق مبینہ طور پر ہنی ٹریپ میں ملوث ٹک ٹاکر کا نام لاریب ہے، جو سیالکوٹ کی رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاریب کی شادی عبداللہ طاہر کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے ہوئی تھی، تاہم خلع کے بعد اس نے دوسری شادی کرلی۔
پولیس کے مطابق دوسری شادی ختم ہونے کے بعد لاریب نے مبینہ طور پر دوبارہ گینگ لیڈر سے رابطہ کیا، جس کے بعد اسے عبداللہ طاہر کو ہنی ٹریپ کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔
مقتول کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں
پولیس کے دعوے کے مطابق گینگ لیڈر کی ہدایت پر لاریب نے عبداللہ طاہر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور مقتول کی تصاویر بھی شیئر کیں، تاہم جواب نہ ملنے پر اسے متبادل منصوبے کے تحت مقتول کے ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاریب نے مبینہ طور پر ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کیا، جس کے بعد قتل کے منصوبے پر عمل درآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق عبداللہ طاہر کے قتل کی مبینہ ڈیل 20 کروڑ روپے سے زائد میں طے ہوئی تھی۔ پولیس تحقیقات میں قتل کے منصوبے، مبینہ شوٹرز گینگ، ہنی ٹریپ کے ذریعے فراہم کی جانے والی معلومات اور اس میں شامل افراد کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق کیس میں سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی میں شامل دیگر افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔