پاکستان کی پہلی چاند گاڑی کے سرکاری نام کا اعلان کردیا گیا ہے، سپارکو کے مطابق پاکستان کے پہلے قمری روور کا نام ’جناح 1 رکھا گیا ہے، جس کا انتخاب ملک گیر مقابلے کے ذریعے موصول ہونے والی تجاویز میں سے کیا گیا۔
سپارکو کے مطابق قمری گاڑی کے نام کے لیے ملک بھر سے 4 ہزار سے زائد تجاویز موصول ہوئیںجناح1نام 7 شرکاء نے تجویز کیا تھا، جس کے بعد فاتح کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔
17 سالہ نوجوان فاتح
بہاول نگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ طیب کریم کو ’جناح-1‘ نام تجویز کرنے والے فاتح قرار دیا گیا ہے،ملک گیر مقابلے میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی شرکت نے خلائی تحقیق اور چاند پر پاکستان کے پہلے قمری مشن کے حوالے سے عوامی دلچسپی کو بھی اجاگر کیا۔
چیئرمین سپارکو کے مطابق ’جناح-1‘ کا نام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ یہ نام پاکستان کے عزم، ترقی اور نئے خلائی افق کی علامت ہے، جبکہ قمری روور پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
2029 میں چاند پر جائے گا
واضح رہے کہ پاکستان کا پہلا قمری روور 2029 میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند پر روانہ ہوگا،جناح-1‘ چاند کے جنوبی قطب پر سائنسی تحقیق کرے گا، اس مشن کے ذریعے پاکستان کو چاند کی سطح اور ماحول سے متعلق سائنسی تحقیق میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔
پاکستان کے پہلے قمری روور کا نام جناح-1‘ رکھے جانے کو ملک کے خلائی پروگرام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں پاکستان کی خلائی تحقیق کے نئے منصوبوں کے لیے بھی بنیاد فراہم کرسکتی ہے۔