پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، جس کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے 15 اگست بروز ہفتہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں، جبکہ ایسوسی ایشن نے ہڑتال کے آئندہ لائحہ عمل کے لیے ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔
پانچ گھنٹے مذاکرات
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد اور وزارتِ پیٹرولیم کے درمیان تقریباً پانچ گھنٹے تک مذاکرات جاری رہےمذاکرات وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ قیادت ہوئے، تاہم فریقین کے درمیان اہم معاملات پر اتفاق نہ ہوسکا اور بات چیت کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئی۔
ڈیلرز کا بڑا مطالبہ
نجی ٹی وی کے مطابق مذاکرات کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے دیے گئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا،پیٹرولیم ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے موجودہ نظام میں تبدیلی سے انکار کردیا ہے،دوسری جانب حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے مارجن میں ایک روپے 34 پیسے اضافے کے معاملے پر بات چیت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مارجن میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ سے مشروط قرار دی گئی ہے،ڈیلرز کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے اہم مطالبات پر واضح پیش رفت نہیں ہوتی، اس وقت تک ہڑتال کے فیصلے پر نظرثانی کا امکان نہیں۔
وفد کراچی روانہ
مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کے رویے پر تحفظات کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کے وفد نے فوری طور پر کراچی واپس جانے کا فیصلہ کیا،وفد چیئرمین ملک خدا بخش کی سربراہی میں کراچی روانہ ہوگیا، وفد میں وائس چیئرمین طارق حسن، وائس چیئرمین انور کمال، سندھ کے صدر امیر خان، پنجاب سے نائب چیئرمین راجہ وسیم، چوہدری باہر، خواجہ کاشف الٰہی اور خیبر پختونخوا سے عبد الماجد خان سمیت دیگر نمائندے شامل تھے۔
کراچی میں ہنگامی اجلاس
مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے،اجلاس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کی صورتحال، مطالبات پر پیش رفت اور ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
15 اگست کو پمپس بند
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ ہفتہ 15 اگست کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے،ایسوسی ایشن کے مطابق ہڑتال کے حوالے سے مزید فیصلے ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کیے جائیں گے، جبکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ برقرار رکھنے کا امکان ہے۔
اگر ہڑتال مقررہ شیڈول کے مطابق ہوتی ہے تو ملک بھر میں شہریوں کو پیٹرول اور ڈیزل کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں اور دیگر شعبوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔