پمز ہسپتال میں زیادہ بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں ، طارق فضل چوہدری

پمز ہسپتال میں زیادہ بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں ، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال میں زیادہ بچوں کی اموات وارڈ میں دھواں بھرنے اور دم گھٹنے سے ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق طارق فضل  نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا  کہ ہسپتال میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، گیس لائن اور پلاسٹک کے آلات کی وجہ سے آگ پھیلی، بچوں کی زیادہ اموات دم گھٹنے سے ہوئیں، آکسیجن سپلائی کی وجہ سے بھی آگ پھیلی۔

انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے، معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر دلی رنج اور دکھ ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غم کی اس کربناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، غمزدہ والدین اور لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ایسے افسوسناک واقعات سے بچاؤ کیلئے پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

طارق فضل چوہدری نے یہ بھی  کہا کہ ہسپتالوں سمیت تمام متعلقہ اداروں میں مؤثر حفاظتی اور ہنگامی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے  متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  اللہ تعالیٰ مرحوم بچوں کو جوارِ رحمت میں جگہ اور غمزدہ والدین و لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں خوفناک آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق

واضح رہے کہ اسلام آباد کے سرکاری ہسپتال پمز میں آج صبح آتشزدگی کا افسوسناک  واقعہ پیش آیا جس میں 14 نومولد بچے انتقال کرگئے ، پمز ہسپتال کی ترجمان کے مطابق حادثے کے وقت وارڈ میں 15 بچے موجود تھے جن میں سے صرف ایک ہی کو بچایا جا سکا ہے۔

بچوں کے والدین کا موقف

دوسری جانب والدین کا کہنا ہے کہ جس وارڈ میں آگ لگی اس کے دروازے بند تھے ۔

واقعے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے مرنے والے بچوں میں سے اب تک نو کی لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی ہیں جبکہ بعض والدین نے بغیر ڈی این اے ٹیسٹ لاشیں لینے سے انکار کر دیا ہے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا قیام

پمز کے ایم سی ایچ وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی ہے۔

اس بارے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد کمیٹی کے کنوینر جبکہ ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز، ایس پی سٹی اور اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا کمیٹی کے ارکان مقرر کیے گئے ہیں ، کمیٹی کا مقصد نرسری میں آگ لگنے کی اصل وجہ کا تعین کرنا ہے۔

editor

Related Articles