ہائر ایجوکیشن کمیشن کا یونیورسٹی اساتذہ کیلئے اے آئی ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا یونیورسٹی اساتذہ کیلئے اے آئی ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

مصنوعی ذہانت اب صرف ٹیکنالوجی کے شعبے تک محدود نہیں رہی بلکہ تعلیم کے میدان میں بھی تیزی سے جگہ بنا رہی ہے ،  اسی تناظر میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے یونیورسٹی اساتذہ کو مصنوعی ذہانت سے متعلق جدید مہارتیں سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس مقصد کیلئے فیکلٹی ممبران کے لیے اے آئی خواندگی کے موضوع پر چار روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، اساتذہ کیلئے اے آئی کی بنیادی سمجھ بوجھ کے ساتھ ساتھ اس کے عملی استعمال سے واقفیت بھی اہم بنتی جارہی ہے ،  یوں یہ تربیت تدریس کے روایتی طریقوں میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق تربیتی پروگرام نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقد ہوں گے ، اس  پروگرام کا مقصد فیکلٹی ممبران کو تدریس اور تعلیمی انتظامیہ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق عملی علم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اساتذہ کیلئے تنخواہوں سے متعلق بڑی خوشخبری آگئی

اس تربیت کے ذریعے یونیورسٹی اساتذہ کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ مصنوعی ذہانت کو تعلیمی ماحول میں مؤثر انداز سے کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے، اس اقدام سے مستقبل میں تدریسی سرگرمیوں اور تعلیمی انتظامی امور میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

100 یونیورسٹیوں میں بیک وقت تربیتی سیشن

ایچ ای سی کے مطابق چار روزہ تربیتی سیشن 27، 28، 31 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوں گے ،  یہ پروگرام صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہیں گے۔

خاص بات یہ ہے کہ تربیتی پروگرام ملک بھر کی 100 یونیورسٹیوں میں قائم اسمارٹ کلاس رومز میں بیک وقت منعقد کیے جائیں گے ،  اس طرح مختلف جامعات کے فیکلٹی ممبران ایک ہی پروگرام کے تحت اے آئی سے متعلق جدید معلومات اور عملی مہارتیں حاصل کرسکیں گے۔

editor

Related Articles