پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کو سونپ دیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے پارٹی قیادت کی جانب سے اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
پارٹی قیادت نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خطے میں صحت، تعلیم، صفائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت تمام اہم شعبوں میں مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات کی طرز پر آزاد جموں و کشمیر کو بھی جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان کے مطابق 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے کا مقصد آزاد کشمیر میں عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور مختلف شعبوں میں فوری نوعیت کی اصلاحات متعارف کرانا ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر افتخار گیلانی 28 اگست 2026ء کو آزاد جموں و کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہو چکے ہیں ، وہ پہلی بار 2011 میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
اس مرتبہ وہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کرکے ایوان میں پہنچے ہیں۔