سعودی اسپیس ایجنسی نے 2026 سے 2030 تک سعودی عرب کے آسمان پر نظر آنے والے اہم فلکیاتی مظاہر سے متعلق ایک معلوماتی گائیڈ جاری کردی ہے۔
ایجنسی کے مطابق آئندہ 5 برس کے دوران مجموعی طور پر 62 بڑے فلکیاتی واقعات دیکھنے کو ملیں گے۔ اس گائیڈ کا مقصد عوام اور فلکیات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو خلائی سائنس اور آسمانی مظاہر سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔
گائیڈ میں سورج اور چاند گرہن، شہابیوں کی بارش، سیاروں کا باہمی ملاپ، سال کے طویل ترین اور مختصر ترین دنوں سمیت مختلف فلکیاتی واقعات شامل کیے گئے ہیں۔
سعودی اسپیس ایجنسی کے مطابق 2026 میں 9، 2027 میں 12، 2028 میں 14، 2029 میں 15 جبکہ 2030 میں 12 اہم فلکیاتی مظاہر سعودی عرب سے دیکھے جانے کی توقع ہے۔
میں ہر فلکیاتی واقعے کی سادہ وضاحت، متوقع وقت، سائنسی نوعیت اور مشاہدے کے طریقوں سے متعلق عام فہم معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ عام افراد بھی ان مظاہر کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
کتابچے میں فلکیاتی واقعات کو محفوظ اور سائنسی انداز میں دیکھنے کے حوالے سے ضروری رہنمائی بھی شامل ہے۔ سعودی اسپیس ایجنسی نے عوام اور فلکیات کے شوقین افراد کو اس گائیڈ سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ برسوں میں ہونے والے اہم فلکیاتی واقعات کی تفصیلات اور اوقات سے آگاہی حاصل کی جاسکتی ہے۔