سوئٹزرلینڈ کے ایک مالی یورگ ویزلی نے غیر معمولی طور پر لمبی مرچ اُگا کر ایک بار پھر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
یورگ ویزلی کی اُگائی گئی مرچ کی لمبائی ایک فٹ 8.6 انچ ریکارڈ کی گئی، جس کے ساتھ ہی وہ تیسری مرتبہ دنیا کی سب سے لمبی مرچ اُگانے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ پہلی بار نہیں کہ ویزلی نے ایسی کامیابی حاصل کی ہو۔ انہوں نے اکتوبر 2017 میں ایک فٹ 5.7 انچ لمبی مرچ اُگا کر پہلی مرتبہ عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اگلے ہی سال انہوں نے اپنا ہی ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک فٹ 7.9 انچ لمبی مرچ اُگائی، جبکہ اب 11 اگست کو ناپی گئی نئی مرچ نے ان کا ریکارڈ مزید بہتر کردیا۔ یورگ ویزلی کے مطابق وہ ہر سال مارچ میں مرچ کے بیج گھر کے اندر تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور مصنوعی روشنی میں اگانا شروع کرتے ہیں۔
اپریل کے آخر میں جب سردی اور پالے کا خطرہ ختم ہوجاتا ہے تو پودوں کو باغ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑی اور اچھی مرچوں کی پیداوار کے لیے مٹی کی مناسب تیاری ضروری ہے۔ مٹی میں پختہ کمپوسٹ شامل کرنے کے ساتھ پودوں کو باقاعدگی سے پانی اور متوازن مقدار میں کھاد دی جاتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کھاد کی زیادہ مقدار پودے کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے، کیونکہ اس سے پودا مرچیں پیدا کرنے کے بجائے زیادہ پتے اگانے لگتا ہے۔ تیسری مرتبہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے والے یورگ ویزلی کی یہ کامیابی ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ درست طریقہ، مسلسل محنت اور صبر سے غیر معمولی نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔