برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے بارے میں ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے مونٹیسیٹو میں رہائش کے دوران انہیں اپنے گھر کیلئے گھریلو ملازمین کی خدمات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایک نامعلوم ذریعے نے دعویٰ کیا کہ مونٹیسیٹو کے بعض ہاؤس کیپرز شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے گھر کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ ذرائع نے اس کی وجہ میگھن مارکل کا ملازمین کے ساتھ رویہ قرار دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق میگھن خود ملازمت کے امیدواروں کے انٹرویوز کرتی تھیں اور بعض افراد کو ان کا انداز سخت اور تکبر آمیز محسوس ہوا۔ دعویٰ کیا گیا کہ کچھ امیدوار ان کے انداز گفتگو سے ناخوش ہوئے، جس کے بعد مقامی ہاؤس کیپرز میں بھی یہ بات زیر بحث آنے لگی۔
یہ بھی پڑھیں:سویرا ندیم کے شوہر کون ہیں؟ اداکارہ نے بتا دیا
میڈیا رپورٹ میں یہاں تک کہا گیا کہ مونٹیسیٹو میں مبینہ طور پر یہ بات مذاق کا موضوع بن گئی کہ گھریلو ملازمین شاہی جوڑے کے گھر کام کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ تاہم میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے نمائندوں نے ان الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ میڈیا رپورٹ میں کیے گئے دعوے ایک نامعلوم ذریعے سے منسوب ہیں اور ان کی آزادانہ طور پر تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد امریکا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ دونوں اپنے بچوں پرنس آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ساتھ مونٹیسیٹو میں مقیم ہیں۔


