بلوچستان حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری دفاتر میں جمعہ کی ہفتہ وار تعطیل ختم کرکے اسے ورکنگ ڈے قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) کی جانب سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ سرکلر کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری دفاتر میں اب جمعہ کے روز بھی معمول کے مطابق دفتری امور انجام دیے جائیں گے اور افسران و ملازمین کی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔
حکومت بلوچستان نے تمام متعلقہ محکموں، انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور دیگر اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے پر لفظ اور روح کے مطابق سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یہ فیصلہ اس پالیسی میں تبدیلی ہے جس کے تحت بلوچستان میں جمعہ کو سرکاری دفاتر کی اضافی ہفتہ وار تعطیل قرار دیا گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد بنیادی طور پر ایندھن کی بچت، توانائی کے استعمال میں کمی اور سرکاری اخراجات کو محدود کرنا تھا۔
بعد ازاں صوبائی حکومت نے دفتری شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیتے ہوئے جمعہ کو بھی دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تازہ سرکلر کے مطابق یہ فیصلہ 21 جون 2026 کو جاری کیے گئے سابقہ نوٹیفکیشن کے تسلسل میں کیا گیا ہے
جمعہ کو سرکاری دفاتر کھلنے سے شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات کے حصول کے لیے ہفتے میں ایک اضافی ورکنگ ڈے دستیاب ہوگا۔ سرکاری محکموں میں درخواستیں جمع کرانے، دستاویزات سے متعلق امور، سرکاری معاملات اور دیگر دفتری خدمات کے لیے جمعہ کے روز بھی متعلقہ دفاتر سے رجوع کیا جاسکے گا۔
اس فیصلے کے بعد صوبائی حکومت کے زیرانتظام دفاتر میں ہفتہ وار کام کا معمول دوبارہ تبدیل ہوگا، جبکہ ملازمین کو اپنے متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ڈیوٹی انجام دینا ہوگی۔
صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے نئے دفتری شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے ماتحت اداروں میں فیصلے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کرایا جائے۔
یوں بلوچستان کے سرکاری ملازمین کے لیے جمعہ کی اضافی ہفتہ وار چھٹی ختم ہوگئی ہے اور جمعہ دوبارہ سرکاری دفاتر کا باقاعدہ ورکنگ ڈے بن گیا ہے۔