آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں چور دن دہاڑے میوزیم میں داخل ہوکر کروڑوں روپے مالیت کا قیمتی ہیروں کا ہار چوری کرکے فرار ہوگئے۔
واقعہ آسٹریا کے میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس میں پیش آیا، جہاں دو مشتبہ افراد زیورات کی نمائش دیکھنے کے بہانے داخل ہوئے۔ دونوں نے بغیر نقاب کے میوزیم میں گھومنے کے بعد ہتھوڑے کی مدد سے شیشے کا ڈسپلے توڑا اور ہار لے کر فرار ہوگئے۔
چوری ہونے والے ہار میں 673 ہیرے جڑے ہوئے تھے اور اس کی مالیت 40 لاکھ ڈالر سے زائد، یعنی ایک ارب 10 کروڑ پاکستانی روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ واردات کے بعد دونوں ملزمان میوزیم سے نکل کر قریبی پارک کی جانب بھاگ گئے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور کتوں کی مدد بھی لی جا رہی ہے، تاہم تین روز گزرنے کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
یہ قیمتی ہار فرانسیسی جیولری ہاؤس وین کلیف اینڈ آرپلز سے میوزیم نے ادھار لیا تھا۔ ہار 1930 کی دہائی میں مصر کی ملکہ نازلی کیلئے تیار کیا گیا تھا اور اس میں 673 ہیرے نصب ہیں۔ ملکہ نازلی نے مصر سے جلاوطنی کے بعد 1970 کی دہائی میں یہ ہار فروخت کردیا تھا۔ بعد ازاں 2015 میں ایک نیلامی کے دوران یہ ہار 43 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا۔
واردات 27 اگست کو ہوئی، جس کے بعد میوزیم نے نمائش کچھ دیر کیلئے بند کردی، تاہم اسی روز اسے دوبارہ عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ اگلے روز متاثرہ ڈسپلے کیس کو نیلے پینل سے ڈھانپ دیا گیا۔ میوزیم انتظامیہ نے چوری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے بعد سکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کے معروف عجائب گھروں میں چوری کے واقعات نے سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ گزشتہ برس پیرس کے لوور میوزیم سے بھی دن دہاڑے قیمتی زیورات چوری کیے گئے تھے، جبکہ حال ہی میں اسپین کے ایک میوزیم سے ایک ہزار سال پرانا خزانہ بھی چوری ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔