پنجاب بھر میں کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کی سخت چیکنگ کا حکم

پنجاب بھر میں کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کی سخت چیکنگ کا حکم

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی سخت چیکنگ کی ہدایت کردی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے واضح کیا ہے کہ بغیر لائسنس کمرشل گاڑیوں کو پنجاب کی شاہراہوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محمد وقاص نذیر کے مطابق رواں ماہ پنجاب بھر میں 60 ہزار سے زائد شہریوں کو کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ 3 ہزار 400 سے زائد شہریوں کو ریگولر کمرشل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس مال بردار اور مسافر گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو بھی انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی

ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام سٹی ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی چیکنگ ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس کی باقاعدگی سے جانچ کی جائے تاکہ غیر تربیت یافتہ اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کو سڑکوں پر گاڑیاں چلانے سے روکا جاسکے۔

محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور ڈرائیونگ لائسنس کی موجودگی سڑکوں پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

editor

Related Articles