وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 2 ستمبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 8 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 342 روپے 79 پیسے سے بڑھ کر 343 روپے 87 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 370 روپے 41 پیسے سے بڑھ کر 370 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 2 ستمبر تک کے لیے ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 12 مرتبہ کمی اور 17 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 10 مرتبہ کمی اور 19 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول 77 پیسے مہنگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے 3 پیسے سستا کردیا تھا۔ قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 79 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔
اس سے قبل 28 اگست کو حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے 31 اگست تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا تھا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 58 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 17 پیسے کمی کی گئی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 342 روپے 2 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 371 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔