گاڑی اور موٹر سائیکل والے ہوشیار، اسلام آباد میں کیا ہونے لگا؟

گاڑی اور موٹر سائیکل والے ہوشیار، اسلام آباد میں کیا ہونے لگا؟

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ماہ اگست کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 72 ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد حادثات کی روک تھام اور شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے اگست کے دوران مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کارروائیاں لین وائلیشن کے خلاف کی گئیں جہاں 13 ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ ٹریفک قوانین کی اس خلاف ورزی کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور حادثات کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے۔

اسی طرح رانگ وے گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والے 5 ہزار سے زائد افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق غلط سمت میں گاڑی چلانا نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں خلل کا باعث بنتا ہے بلکہ دیگر شہریوں کیلئے بھی حادثات کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

کارکردگی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی اور 10 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، بنک کی نئی آفر آ گئی

موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے بھی خصوصی مہم جاری رہی۔ اگست کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 5 ہزار 300 سے زائد شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 7 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں جبکہ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے والے رکشوں کو بھی چیکنگ اور کریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں کا مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانا اور شاہراہوں پر محفوظ اور منظم سفر کو یقینی بنانا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو مختلف اہم شاہراہوں، چوراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی اور کارروائیوں کیلئے متحرک رکھا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں لین ڈسپلن برقرار رکھیں غلط سمت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں غیر قانونی پارکنگ نہ کریں اور موٹر سائیکل چلاتے وقت لازمی ہیلمٹ استعمال کریں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کا نظام مزید بہتر بنایا جاسکے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی ہو۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles