افغان سرحد سے پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام ، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک

افغان سرحد سے پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام ، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک

پاک افغان سرحد کے قریب بھارتی حمایت یافتہ فتںہ الخوارج کے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ انداز میں دہشت گردوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور بھارتی سرپرست یافتہ 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کو دہشت گرد سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سر زمین استعمال کرنے سے روکنے میں ناکام رہی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں، غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی ختم کرنے کے لیے انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔

صدر ، وزیراعظم کا 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں ، 11 دہشتگرد جہنم واصل

صدرِ مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں، قومی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں۔ ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ریاست دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

editor

Related Articles