بابر اعظم کی کنگ چارلس سے ملاقات، آج اصلی کنگ سے مل کر بہت اچھا لگا

بابر اعظم کی کنگ چارلس سے ملاقات، آج اصلی کنگ سے مل کر بہت اچھا لگا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سے ملاقات کے بعد دلچسپ جملہ کہہ کر مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی دلچسپ ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

کنگ چارلس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں کلیرنس ہاؤس میں خصوصی استقبالیہ دیا، جہاں انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران کنگ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ محسن نقوی سے گفتگو میں پاکستان میں امن اور خطے میں استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا،استقبالیے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے خوشگوار انداز میں کہا کہ آج اصلی کنگ سے مل کر بہت اچھا لگا۔

یہ بھی پڑھیں :بادشاہ چارلس کو پاکستانی ٹیم کا خاص تحفہ

بابر اعظم کا یہ جملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، کرکٹ شائقین بابر اعظم کو اکثر کنگ بابر کے لقب سے پکارتے ہیں، ایسے میں کنگ چارلس سے ملاقات کے بعد ان کا خود ’اصل کنگ کا ذکر کرنا مداحوں کو خاصا پسند آیا۔

سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کے اس دلچسپ تبصرے پر مختلف انداز میں ردعمل دے رہے ہیں جبکہ کئی مداحوں نے اسے بابر اعظم کے مخصوص پُراعتماد اور مزاحیہ انداز سے تعبیر کیا ہے۔

editor

Related Articles