ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو تیز، محفوظ اور شفاف بنانے کے لیے فوری اور انقلابی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
زونل ہیڈز کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی جی امیگریشن نے تمام فیلڈ دفاتر کو جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر پر منتقل کرنے اور نئی پاسپورٹ ایپلیکیشن کا فوری نفاذ یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
پاسپورٹ دفاتر کے تمام ڈیٹا انٹری کاؤنٹرز پر ڈبل اسکرینز نصب کی جائیں گی تاکہ شہری اپنے کوائف کو خود دیکھ کر فوری تصدیق یا تصحیح کر سکیں، فیلڈ دفاتر کے تکنیکی نظام اور پاسپورٹ ایپلیکیشن کو مزید فعال اور تیز بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دفاتر میں شہریوں اور عملے کے تحفظ کے لیے منظم سکیورٹی ماحول، واضح آمد و رفت کے راستے اور ہنگامی حفاظتی تدابیر نافذ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت اور سائلین کو اعلیٰ معیار کی پاسپورٹ سروسز کی فراہم کے لیے ان تمام احکامات پر سخت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔