کراچی میں وزیر داخلہ کا اچانک دورہ،ایئرپورٹ امیگریشن اور پاسپورٹ آفس کا جائزہ

کراچی میں وزیر داخلہ کا اچانک دورہ،ایئرپورٹ امیگریشن اور پاسپورٹ آفس کا جائزہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں عوامی مرکز پاسپورٹ آفس اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم امیگریشن کاؤنٹرز کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ جمعرات کی شب خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے، جہاں ایئرپورٹ پر انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی بھی محسن نقوی کے ہمراہ موجود تھے،وفاقی وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مسافروں سے سفری سہولیات اور امیگریشن کے عمل سے متعلق براہِ راست فیڈبیک بھی حاصل کیا۔

محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز پر موجود مسافروں سے ان کے مسائل دریافت کیے اور عملے کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا،انہوں نے متعلقہ حکام سے مسافروں کو درپیش مشکلات اور امیگریشن کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔

 یہ بھی پڑھیں :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایئر پورٹ پر پھنس گئے ، اپنا سسٹم ہی جواب دے گیا

بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ عوامی مرکز پاسپورٹ آفس پہنچے، جہاں انہوں نے پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے پاسپورٹ کے حصول کے پورے عمل کے بارے میں دریافت کیا۔

محسن نقوی نے شہریوں سے ٹوکن کے اجرا سے لے کر اپنی باری آنے تک انتظار کے وقت سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں،پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے نظام کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کی رائے بھی سنی اور متعلقہ حکام کو عوام کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی،اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ عوامی مرکز پاسپورٹ آفس کو شہریوں کی سہولت کے لیے مزید کشادہ کیا جائے گا ۔

کشادگی سے لوگوں کو بہتر ماحول میں پاسپورٹ سے متعلق خدمات فراہم کی جا سکیں،کراچی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خلیجی ملک کی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی روانہ ہوگئے۔

editor

Related Articles