وزیراعظم شہباز شریف نے نومولود کی جان بچانے پر نرس رضیہ نورین کو ایک کروڑ روپے کا چیک دے دیا اور ان کی ہمت و بہادری کو سراہا۔وزیراعظم نے ملاقات کے دوران نرس رضیہ نورین کے سر پر ہاتھ رکھا اور بچوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو نرس رضیہ نورین پر فخر ہے اور قوم ان کی ہمت و بہادری کی معترف ہے،انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹی رضیہ نورین کا کارنامہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا جبکہ پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
تمغۂ خدمت دینے کا اعلان
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ نرس رضیہ نورین کو آئندہ 23 مارچ کو تمغۂ خدمت سے بھی نوازا جائے گا،ملاقات کے دوران نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آگ تیزی سے پھیل رہی تھی، لیکن انہوں نے کچھ نہیں سوچا اور بچوں کو بچانے کے لیے آگ کے اندر چلی گئیں،انہوں نے بتایا کہ بچہ بہت چھوٹا تھا، جسے ریسکیو کرکے وہ باہر لے آئیں۔
دوبارہ اندر گئیں تو دھماکا ہوگیا
رضیہ نورین کے مطابق جب وہ دوسرے بچوں کو بچانے کے لیے دوبارہ اندر گئیں تو اچانک دھماکا ہوا اور ہر طرف اندھیرا چھا گیا،انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال میں انہوں نے دوسری نرس سے کہا کہ بچوں کو بچائیں۔
اپنی ذمہ داری نبھائی
نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے صرف اپنی ذمہ داری نبھائی ہے، تاہم وزیراعظم کی جانب سے عزت افزائی پر وہ بہت خوش ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے نرس رضیہ نورین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قومی ہیرو قرار دیا اور ان کے جذبے اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز آتشزدگی واقعہ میں اپنی جان پر کھیل کر نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین سے آج اسلام آباد میں ملاقات کی اور ان کی ہمت اور جذبے کی تعریف کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے اپنی جان ہتھیلی پر… pic.twitter.com/ycojCiIPRt
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) September 3, 2026


