کھانے کے دوران پانی پینا مفید یا نقصان دہ؟ طبی ماہرین نے حقیقت بتا دی

کھانے کے دوران پانی پینا مفید یا نقصان دہ؟ طبی ماہرین نے حقیقت بتا دی

کھانے کے دوران یا کھانے کے فوراً بعد پانی پینا نظام ہاضمہ کے لیے نقصان دہ ہونے کا عام تصور طبی ماہرین نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی معدے میں موجود تیزابی سیال کو اس حد تک کمزور نہیں کرتا کہ ہاضمے کا عمل متاثر ہو۔

امریکا کے معروف طبی ادارے مایو کلینک کے مطابق کھانے کے دوران یا اس کے بعد پانی پینے سے نظام ہاضمہ کے افعال متاثر نہیں ہوتے، بلکہ پانی غذا کو نرم کرنے، اسے توڑنے اور جسم میں موجود غذائی اجزا کے جذب کے عمل میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پانی صحت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور قبض سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے، جبکہ میٹھے مشروبات کے مقابلے میں پانی کا استعمال صحت کے لیے زیادہ بہتر انتخاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پائلٹ اور کو پائلٹ کو ایک جیسا کھانا کیوں نہیں دیا جاتا؟ دلچسپ وجہ سامنے آ گئی

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خوراک ہضم ہونے کا عمل منہ سے شروع ہوتا ہے، جہاں غذا کو چبانے کے دوران نرم کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں خوراک غذائی نالی کے ذریعے معدے میں پہنچتی ہے، جہاں تیزابی سیال اسے مزید توڑ کر ایک مرکب میں تبدیل کرتا ہے۔ یہ مرکب بعد میں چھوٹی آنت میں منتقل ہوتا ہے، جہاں خوراک میں موجود زیادہ تر غذائی اجزا جسم میں جذب ہو جاتے ہیں۔ جو اجزا جذب نہیں ہوتے وہ بڑی آنت میں پہنچتے ہیں اور بالآخر جسم سے خارج ہو جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق خوراک کو مکمل طور پر ہضم ہونے اور جسم سے خارج ہونے میں تقریباً 24 سے 72 گھنٹے لگ سکتے ہیں، جبکہ پانی معدے سے نسبتاً تیزی سے آگے منتقل ہو جاتا ہے۔ اس لیے پانی پینے سے معدے میں موجود تیزابی سیال کے کام میں کوئی خاص رکاوٹ پیدا نہیں ہوتی۔ ماہرین کے مطابق معدے میں پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی صورت میں بھی خوراک کے ہضم ہونے کا عمل متاثر نہیں ہوتا۔ پانی معدے میں موجود انزائمز کی سرگرمی میں بھی مداخلت نہیں کرتا کیونکہ یہ انزائمز خوراک کے ذرات پر اپنا کام کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کارڈ سے بل ادا کرنیوالے ہوجائیں ہوشیار ، ریسٹورنٹس میں کھانا مہنگا پڑسکتا ہے

اسی طرح پانی معدے کی تیزابیت کو مستقل طور پر کم نہیں کرتا۔ کھانے یا مشروب کے نتیجے میں تیزابیت میں معمولی اور عارضی تبدیلی ضرور آ سکتی ہے، تاہم جسم ضرورت کے مطابق مزید تیزابی سیال پیدا کر لیتا ہے۔ البتہ ماہرین کے مطابق کھانے سے پہلے پانی پینے سے کچھ دیر کے لیے معدے میں جگہ کم ہو سکتی ہے، جس سے پیٹ بھرنے کا احساس جلد پیدا ہو سکتا ہے۔ وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کے لیے کھانے سے پہلے ایک سے ڈیڑھ گلاس پانی پینا بعض صورتوں میں کم مقدار میں غذا استعمال کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے دوران یا کھانے کے بعد پانی پینے سے ہاضمہ خراب ہونے یا معدے کی تیزابیت ختم ہونے کا عام تصور درست نہیں۔ تاہم ہر فرد کی صحت اور طبی ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اس لیے کسی مخصوص طبی مسئلے کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔

Related Articles