سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 5 اسٹار لگژری ٹرین سروس شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے۔
ڈریم آف دی ڈیزرٹ نامی اس لگژری ٹرین کا منصوبہ سعودی عرب ریلویز اور اٹلی کے معروف لگژری ٹرین گروپ ارسینالے کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس سروس کا اعلان 2025 کے آغاز میں کیا گیا تھا جبکہ ٹرین دسمبر 2026 میں باقاعدہ سفر شروع کرسکتی ہے۔
یہ مشرق وسطیٰ کی پہلی 5 اسٹار لگژری ٹرین ہوگی، جو تقریباً 800 میل طویل سفر کے دوران سعودی عرب کے خوبصورت صحرائی علاقوں سے گزرے گی۔ ٹرین ریاض کو شمالی شہر قریات سے ملائے گی۔
ٹرین میں 14 بوگیاں ہوں گی جن میں مسافروں کے لیے 33 پرتعیش کمرے بنائے جائیں گے۔ ہر بوگی کے اندر سعودی ثقافت اور روایات کے مختلف رنگ نمایاں کیے جائیں گے۔ مسافر ایک،2 یا 3راتوں پر مشتمل ٹور بک کرا سکیں گے۔ ٹرین کے ایک کیبن کا فی رات ابتدائی کرایہ 30 ہزار سعودی ریال مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایک کیبن میں 2 افراد قیام کرسکیں گے۔
مسافروں کے لیے ٹرین میں 2ریسٹورنٹس بھی ہوں گے جہاں سعودی اور بین الاقوامی کھانے پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی لاؤنج میں مسافروں کے بیٹھنے، آرام کرنے اور ایک دوسرے سے گھلنے ملنے کا انتظام ہوگا۔
ٹرین میں ایک وقت میں 66 مسافر سفر کرسکیں گے۔ سعودی حکام کے مطابق ڈریم آف دی ڈیزرٹ کا مقصد مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو سعودی عرب کے مختلف علاقوں کی سیر کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ٹرین کے روٹ میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل مقامات اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو بھی شامل ہوں گے۔
سعودی عرب اس منصوبے کو ملک میں سیاحت کے فروغ اور عالمی سطح پر لگژری ٹریول کے نئے تجربات متعارف کرانے کی اپنی وسیع حکمت عملی کا حصہ قرار دے رہا ہے۔