پنجاب میں نوجوان ڈاکٹروں کے لیے ایک بار پھر موقع آگیا ، مریم نواز ہیلتھ کلینک پروگرام کے تحت دستیاب ہیلتھ سینٹرز کے لیے نئی درخواستیں طلب کرلی گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے مطابق پہلے، دوسرے یا تیسرے مرحلے میں کلینک حاصل نہ کرنے والے ڈاکٹرز اب دوبارہ درخواست دے سکیں گے۔
درخواست دینے کی آخری تاریخ کیا؟
محکمہ صحت کے مطابق امیدوار 7 ستمبر 2026 تک اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکتے ہیں ، درخواستیں پنجاب ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے آن لائن جابز پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔
درخواست کیسے دی جائے؟
درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو سب سے پہلے محکمہ صحت کے آن لائن جابز پورٹل پر جانا ہوگا اور اپنے موجودہ اکاؤنٹ میں سائن اِن کرنا ہوگا ، نئے امیدوار آن لائن سسٹم میں مطلوبہ معلومات درج کرکے نیا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔
اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کے بعد متعلقہ MNHC Application کھول کر آن لائن فارم مکمل کرنا ہوگا۔ امیدوار دستیاب ہیلتھ سینٹرز میں سے اپنی پسند کا مرکز منتخب کریں گے اور اپنی ذاتی، پیشہ ورانہ اور رابطے کی درست معلومات درج کریں گے۔
درخواست کے دوران پورٹل پر طلب کیے گئے ضروری دستاویزات اور ریکارڈ بھی فراہم کرنا ہوں گے ، فارم جمع کرانے سے پہلے تمام معلومات کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ کسی غلطی کی صورت میں درخواست متاثر نہ ہو۔
درخواست جمع ہونے کے بعد امیدوار اپنا درخواست نمبر یا کنفرمیشن ریکارڈ محفوظ کرلیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے بعد کی پیش رفت اور اپ ڈیٹس کے لیے امیدواروں کو پورٹل باقاعدگی سے چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میرٹ پر شارٹ لسٹنگ
محکمہ صحت تمام موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لے کر میرٹ کی بنیاد پر شارٹ لسٹ تیار کرے گا، صرف شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے کال موصول ہوگی۔
مزید معلومات کے لیے ڈاکٹرز پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔