سندھ حکومت نے خواتین کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے مفت سکوٹیز کی تقسیم کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق 5 ستمبر کو میرپورخاص میں خواتین میں پنک سکوٹیز تقسیم کی جائیں گی جسے صوبے میں خواتین کے لیے سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے پنک سکوٹی پروگرام کا مقصد خواتین، خصوصاً طالبات اور کام کرنے والی خواتین کو آمدورفت کے لیے بہتر اور خودمختار سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے خواتین کو روزمرہ سفر میں مشکلات کم کرنے اور تعلیمی و پیشہ ورانہ سرگرمیوں تک رسائی بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں عوامی سفری سہولیات کی توسیع سے متعلق مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، ڈبل ڈیکر بسوں، الیکٹرک وہیکل ٹیکسی سروس، پنک سکوٹیز اور بی آر ٹی منصوبوں پر پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ قمبر شہدادکوٹ سے لاڑکانہ روٹ پر پیپلز بس سروس بھی جلد شروع کی جا رہی ہے جبکہ ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد اور انہیں آپریشنل کرنے کے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشنل ماڈل اور سروس کے آغاز کے لیے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ سے شہریوں کو بہتر ٹرانسپورٹ فراہم کی جاسکے گی۔
شرجیل میمن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے روٹس پر بس سروس کے آغاز کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور بی آر ٹی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے تاخیر سے بچنے کے لیے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔
سندھ حکومت کے مطابق عوامی سفری سہولیات میں توسیع کا مقصد شہریوں کو محفوظ، بہتر اور جدید ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے جبکہ خواتین میں پنک سکوٹیز کی تقسیم اسی پالیسی کا اہم حصہ قرار دی جارہی ہے۔