پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 69 ہزار 136 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 69 ہزار 136 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار 344 روپے بڑھ گئی جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 2208 روپے کا ہوگیا۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 117 روپے مہنگی ہوکر 7 ہزار 161 روپے پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 39 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 466 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بڑی وجہ امریکی شرح سود سے متعلق توقعات، ڈالر کی قدر اور معاشی اعدادوشمار ہیں۔ جمعرات کو عالمی سونے کی قیمت میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا تھا، جبکہ جمعہ کو سرمایہ کار امریکی روزگار کے اہم اعدادوشمار پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سونے کی آئندہ سمت میں امریکی معیشت کے اعدادوشمار اور فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود پالیسی اہم کردار ادا کرے گی۔ کمزور روزگار کے اعدادوشمار یا بے روزگاری میں اضافہ شرح سود میں اضافے کے امکانات کو کم کرسکتا ہے، جس سے سونے کی قیمت کو مزید سہارا ملنے کا امکان ہے۔
پاکستان میں سونے کی قیمت عالمی نرخوں کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور مقامی صرافہ مارکیٹ کی صورتحال سے بھی متاثر ہوتی ہے۔ اسی لیے عالمی مارکیٹ میں معمولی تبدیلی بھی پاکستانی مارکیٹ میں سونے کے نرخ پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔