گوگل نے جی میل، ڈاکس اور کیپ کے لیے نئے مصنوعی ذہانت پر مبنی وائس فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے صارفین اب اپنی ای میلز، دستاویزات اور نوٹس کے ساتھ بات چیت کے انداز میں اے آئی کی مدد حاصل کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق نئے فیچرز کے ذریعے صارفین اپنے ان باکس اور ڈاکومنٹس سے متعلق سوالات زبانی طور پر پوچھ سکیں گے اور مطلوبہ معلومات حاصل کرسکیں گے۔
گوگل نے ان فیچرز کا ابتدائی جائزہ مئی 2026 میں اپنی سالانہ گوگل آئی او کانفرنس کے دوران پیش کیا تھا۔ اب انہیں جی میل لائیو، ڈاکس لائیو اور کیپ لائیو کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔
جی میل میں اے آئی سے بات چیت
جی میل میں صارفین کو سرچ باکس میں الفاظ ٹائپ کرکے معلومات تلاش کرنے کے بجائے جیمنائی پر مبنی اے آئی اسسٹنٹ سے براہ راست سوال پوچھنے کی سہولت ملے گی۔ صارف ان باکس میں موجود ای میلز کے بارے میں سوال کرسکیں گے، جبکہ اے آئی اسسٹنٹ جواب دیتے وقت گفتگو کا لائیو ٹرانسکرپٹ بھی دکھائے گا۔
ڈاکس میں تحریر تیار کرنے میں مدد
گوگل ڈاکس میں نیا فیچر صارفین کو یہ بتانے کی سہولت دے گا کہ وہ کس موضوع پر کیا لکھنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد اے آئی اسسٹنٹ ابتدائی ڈرافٹ تیار کرنے میں مدد کرے گا۔ اس مقصد کے لیے اے آئی جی میل، گوگل ڈرائیو، چیٹ اور ویب سے متعلقہ معلومات بھی استعمال کرسکے گا، جس سے صارفین کے لیے تحریر تیار کرنے کا عمل آسان ہوجائے گا۔
کن صارفین کو سہولت ملے گی؟
جی میل لائیو گوگل اے آئی پلس، پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگا۔ جبکہ ڈاکس لائیو اور کیپ لائیو فیچرز گوگل اے آئی پرو اور الٹرا صارفین کو فراہم کیے جائیں گے۔


