پاکستانی اداکار اور گلوکار دانیال ظفر ان دنوں اپنے ڈرامہ ’زنجیریں‘ کی کامیابی کے باعث خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ اداکاری سے قبل موسیقی کے شعبے سے وابستہ رہنے والے دانیال ظفر نے ڈرامہ ’تانا بانا‘ کے ذریعے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔
تاہم اب ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ نجی زندگی بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر دانیال ظفر کی منگنی کی خبریں گردش کر رہی ہیں اور مداح ان دعوؤں کے حوالے سے مختلف شواہد تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دانیال ظفر نے اپنے خاندان کے ایک قریبی دوست کی بیٹی نور فاطمہ سے منگنی کرلی ہے۔ تاہم اداکار کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سوشل میڈیا پر موجود معلومات کے مطابق مبینہ طور پر دانیال ظفر اور نور فاطمہ کی منگنی کی تقریب انتہائی سادہ اور نجی نوعیت کی تھی، جس میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ ایک انسٹاگرام پیج ’سیلیبز اسکوپ‘ نے بھی دانیال ظفر کی مبینہ منگنی سے متعلق معلومات شیئر کی ہیں، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر مزید زیر بحث آگیا۔
مداح اب دانیال ظفر کی جانب سے اس حوالے سے کسی باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں، جبکہ فی الحال ان کی منگنی سے متعلق تمام اطلاعات کو محض سوشل میڈیا رپورٹس اور دعووں کے طور پر ہی دیکھا جا رہا ہے۔