ہمیں جان سے مارنے کیلئے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، مومنہ اقبال کے شوہر کا ثاقب چدھڑ پر الزام

ہمیں جان سے مارنے کیلئے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، مومنہ اقبال کے شوہر کا ثاقب چدھڑ پر الزام

پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ پر سنگین الزام عائد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حمزہ حبیب نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہے کہ لوگوں کو اپنے حق میں کرنے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد اب ہمیں جان سے مارنے کے لیے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

مومنہ اقبال کے شوہر کا کہنا تھا کہ  جان جائے گی لیکن تمھارے کرتوتوں کی سزا تم کو ضرور ملے گی ، انہوں نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ کو ہراساں کرنے والا شخص بھی قرار دیا ہے۔

قبل ازیں مومنہ اقبال نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں لیگی رہنما صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ سے متعلق جاری تنازع پر ایک بار پھر کھل کر گفتگو کی ، انہوں نے ثاقب چدھڑ کی جانب سے صلح کی پیشکش کیے جانے اور مالی معاملات سے متعلق دعوؤں پر اپنا مؤقف بیان کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے صلح کے لیے بہت کوشش کی، ہمیں دباؤ میں لایا گیا اور بلیک میل کیا گیا کہ معاملہ ختم کردیں ، حکومت میں موجود بعض بااثر شخصیات نے مجھے فون کر کے رقم کی پیشکش بھی کی، تاہم ثاقب چدھڑ کی جانب سے مجھے یا میرے شوہر کو کسی قسم کی رقم نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :صلح کی کوشش یا بلیک میلنگ ؟ اداکارہ مومنہ اقبال نے سب بتادیا

انہوں نے ثاقب چدھڑ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات کے دوران ہی تھا جب ان کا کڈنی اسکینڈل بے نقاب ہوا، اس کے بعد میرے والد نے ہمارا رشتہ ختم کر دیا جس کے بعد ہم دونوں کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہو گیا ، پھر اس نے مجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تمہیں قتل کیے جانے کی اجازت ہے۔

مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازع پہلے ہی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے پاس موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مومنہ اقبال کو ہراساں کرنیکا معاملہ ، رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کیخلاف مقدمہ درج

یاد رہے کہ مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ پر آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ثاقب چدھڑ کے خلاف پیکا اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

editor

Related Articles