امریکی ریپر میکلمور نے نیوجرسی میں ہونے والے اپنے کنسرٹ کے دوران فلسطین کے حق میں آواز بلند کردی۔
میکلمور نے ہزاروں شائقین کی موجودگی میں فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے اور غزہ اور مغربی کنارے کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ دنیا انہیں بھولی نہیں ہے۔
کنسرٹ کے دوران میکلمور نے اپنا مشہور گانا ہنڈز ہال بھی پیش کیا۔ اس دوران اسکرین پر غزہ سے متعلق مناظر اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے پیغامات دکھائے گئے۔ گلے میں فلسطینی کفایہ ڈالے میکلمور نے کہا کہ دنیا میں ہر انسان مساوی آزادی کا حق رکھتا ہے۔
میکلمور نے فلسطین کے علاوہ ایران، لبنان، کیوبا اور سوڈان کی آزادی کے حق میں بھی نعرے لگائے۔ فلسطین کے معاملے پر میکلمور پہلے بھی اپنے مؤقف کا اظہار کرتے رہے ہیں اور ان کے گانے ہنڈز ہال کو بھی اسی تناظر میں خاصی توجہ حاصل ہوئی تھی۔