ہمارے اثاثوں کو نشانہ بنایا تو امریکی اثاثے بھی محفوظ نہیں رہیں گے ، ایران کا انتباہ

ہمارے اثاثوں کو نشانہ بنایا تو امریکی اثاثے بھی محفوظ نہیں رہیں گے ، ایران کا انتباہ

ایران نے اپنے اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صورت میں امریکی مفادات اور اثاثوں کے خلاف جوابی کارروائی کا دوٹوک انتباہ دے دیا۔ ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اگر ایرانی اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا تو امریکی اثاثے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

باقر قالیباف نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں تیل اور گیس کی پیداوار کا نظام کسی سے پوشیدہ نہیں، جبکہ خطے میں موجود امریکی تیل و گیس کمپنیوں کے ٹھکانے بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :آبنائے ہرمز میں کسی بھی ملک کی فوجی موجودگی جارحیت تصور ہوگی ، ایران

ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایران اپنی صلاحیتیں پہلے ہی ثابت کرچکا ہے جبکہ ناقابلِ استعمال امریکی اڈے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایران کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے بھی امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران ضرورت پڑنے پر دشمن افواج کو کسی بھی مقام پر مفلوج کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی کارروائیوں نے مخالفین کو حیران کیا اور ان کی جنگی صلاحیتوں کو متاثر کیا ہے۔

شہرام ایرانی نے دعویٰ کیا کہ ایرانی بحریہ نے دشمن کے جنگی جہازوں کی آپریشنل صلاحیتیں طویل عرصے تک متاثر کیں اور دشمن افواج کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران پر حملہ ہوا تو جواب پہلے سے زیادہ تیز اور دردناک ہوگا، باقر قالیباف نے خبردار کردیا

ادھر پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں امریکی کوریڈور سے گزرنے والے بحری جہازوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس راستے سے بحری جہازوں کا محفوظ گزرنا مشکل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ محفوظ سفر کے خواہش مند بحری جہاز ایران کی جانب سے مقرر کردہ راستے سے گزریں۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق خلیج عمان میں داخل ہونے والا کوئی بھی بحری جہاز خطرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں، جبکہ خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں بحری جہازوں کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔

editor

Related Articles