شہزادی ڈیانا کی زندگی ایک بار پھر پردہ سیمیں پر آنے کی اطلاعات ہیں، تاہم اس بار اس فلم میں ایک ایسا نام بھی سامنے آیا ہے جس نے دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کو شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بننے والے ایک مبینہ فلمی منصوبے میں اہم کردار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میگھن کی ممکنہ شمولیت محض اداکاری تک محدود نہیں ہوگی بلکہ انہیں ڈیانا کی زندگی اور کہانی کو ناظرین تک پہنچانے کے لیے بطور راوی شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری چاہتے ہیں کہ میگھن اس منصوبے کا حصہ بنیں اور فلم میں ڈیانا کی زندگی کی داستان ان کی آواز میں بیان کی جائے۔
اگر یہ منصوبہ حقیقت کا روپ لیتا ہے تو میگھن کا کردار عام فلمی کردار کے بجائے کہانی کے ایک اہم حصے کے طور پر سامنے آسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری خود اپنی والدہ کی زندگی سے جڑے واقعات میں بطور بیٹے دکھائی دے سکتے ہیں، جبکہ ڈیانا کی زندگی کے مختلف پہلو میگھن کی آواز کے ذریعے ناظرین تک پہنچائے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ میگھن مارکل اور اپنے بچوں، شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ برطانیہ واپس آئے تھے۔اسی دوران شہزادی ڈیانا کی زندگی پر مبنی اس منصوبے پر کام شروع کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ تاہم اس فلم کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
شہزادی ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوئی تھیں۔ ان کی زندگی، شاہی خاندان سے تعلق، شہزادہ چارلس سے شادی اور طلاق کے بعد کی زندگی آج بھی دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے۔