ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور ’جان وک‘ اسٹار کیانو ریوز کی نجی زندگی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی ہے۔
اداکار کی شادی اور بچوں سے متعلق ایک پوسٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں ان کی جانب سے شادی نہ کرنے کی وجہ بھی بیان کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ثاقب چدھڑ کے انٹرویو پر مومنہ اقبال برہم، ثبوتوں کو جعلی قرار دے دیا
وائرل پوسٹ میں کیانو ریوز سے منسوب کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کروڑوں ڈالر کی دولت رکھنے کے باوجود انہیں اب تک ایسی خاتون نہیں مل سکی جس پر وہ مکمل اعتماد کرسکیں۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ماضی کے ایک تعلق میں انہیں محسوس ہوا کہ ان کی دولت سے فائدہ اٹھایا گیا، جس کے بعد انہوں نے شادی اور خاندان شروع کرنے سے گریز کیا۔
یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہا ہے اور صارفین کی جانب سے کیانو ریوز کی ذاتی زندگی کے حوالے سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔
کیانو ریوز اپنی نجی زندگی کو عموماً میڈیا کی توجہ سے دور رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق کوئی بھی دعویٰ سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر فوری طور پر بحث شروع ہوجاتی ہے۔