وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے طلبہ کیلئے 1 لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے اعلان کے بعد ٹریفک پولیس بھی متحرک، طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کیلئے سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے طلبہ کے لیے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کرلیے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے تمام لائسنسنگ سینٹرز پر ای بائیک اسکیم کے خواہشمند طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت کردی۔
ترجمان کے مطابق تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز طلبہ و طالبات کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول مہنگا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایے بڑھا دیے
طلبہ و طالبات ایک ہی دن میں موٹر سائیکل کا لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق ای بائیک اسکیم کے خواہشمند طلبہ کو لرننگ لائسنس کے بعد 42 دن انتظار نہیں کرنا پڑے گا، تاہم ای بائیک اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ رواں ماہ 6 ہزار 500 سے زائد جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری ہوچکے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ ای بائیک اسکیم کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں Chery Q EV کی زبردست انٹری، قیمت اور بکنگ کی تاریخ سامنے آگئی
وقاص نذیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ طلبہ و طالبات محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کریں اور بااعتماد ڈرائیور بن کر سڑکوں پر گاڑی چلائیں تاکہ سب کیلئے آسانی ہو ۔
