سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد کاپی شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی کرکے اوریجنل کانٹینٹ بنانے والوں کو مالی فائدہ پہنچانا ہے۔
کمپنی کی جانب سے کریئیٹرز کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نظام کو ’اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ایکس کے مطابق موجودہ ’ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام‘ 7 ستمبر 2026 کو ختم کردیا جائے گا، جبکہ نئے پروگرام کے لیے درخواستوں کا آغاز 8 ستمبر سے ہوگا۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کی شناختی تصدیق پہلے ہی مکمل ہے اور ادائیگی کا طریقہ ان کے اکاؤنٹ سے منسلک ہے، انہیں یہ مراحل دوبارہ مکمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایسے صارفین اپنے کریئیٹر اسٹوڈیو میں جاکر کسی بھی وقت اپنی اہلیت چیک کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پڑھائی میں اے آئی کا استعمال، طلبہ کی کارکردگی سے متعلق اہم انکشاف
ایکس پر کاپی شدہ مواد کی بھرمار
پاکستان سمیت کئی ممالک میں ایکس کی مونیٹائزیشن شروع ہونے کے بعد پلیٹ فارم پر کاپی شدہ مواد کی بھرمار دیکھنے میں آئی۔ آمدنی حاصل کرنے کی دوڑ میں متعدد اکاؤنٹس نے بڑی تعداد میں ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کرنا شروع کردیں۔ بعض اکاؤنٹس پر ٹی وی چینلز کی لائیو نشریات سے ویڈیو کلپس نکال کر فوری طور پر ایکس پر اپ لوڈ کیے جانے لگے۔
اسی طرح کئی صارفین دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹاگرام سے وائرل ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرکے ایکس پر شیئر کرتے رہے۔ ایسے صارفین کا مقصد کم محنت میں زیادہ ویوز اور انگیجمنٹ حاصل کرکے مونیٹائزیشن سے آمدنی کمانا تھا۔
اس صورتحال کے باعث ایکس پر اوریجنل اور کاپی شدہ مواد کے درمیان فرق ایک اہم مسئلہ بن گیا تھا۔ نئے ریوارڈز پروگرام کے ذریعے اب پلیٹ فارم پر اصل مواد تخلیق کرنے والے کریئیٹرز کو ترجیح دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نئے نظام کے بعد یہ بھی واضح ہوگا کہ ایکس پر موجود کتنے اکاؤنٹس واقعی اپنا مواد تیار کررہے ہیں اور کتنے دوسرے پلیٹ فارمز سے مواد اٹھا کر آمدنی حاصل کررہے تھے۔


