لانگ مارچ کریں یا شارٹ مارچ، مسئلہ نہیں، دہشت گردی پر بات کریں، طلال چوہدری

لانگ مارچ کریں یا شارٹ مارچ، مسئلہ نہیں، دہشت گردی پر بات کریں، طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف کو لانگ مارچ سے نہیں روکا، تاہم دہشت گردی کے معاملے پر بھی بات ہونی چاہیے۔ سیاست اپنی جگہ، تمام سیاسی جماعتیں مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کریں۔

جڑانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کرے یا شارٹ مارچ، حکومت کو اس پر کوئی مسئلہ نہیں، لیکن دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) یا افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی، ہر قسم کی دہشت گردی قابلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی نوعیت یا اس میں ملوث گروہ سے قطع نظر، ہر واقعے کی مذمت ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے ایمرجنسی واپس لینے کی شرط ماننے سے انکار

وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے دعویٰ کیا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا اجتماع پر کبھی دہشت گردی نہیں ہوئی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کالعدم ٹی ٹی پی کا دفتر پاکستان میں کھولنے کی بات کی تھی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے گورنر راج کے خلاف اور پی ٹی آئی کے حق میں پریس ریلیز جاری کی۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا مقصد صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کا ساتھ دینے والوں سے ریاستی ادارے نمٹیں گے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی یکجہتی اور تعاون ضروری ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles