عوام کی صحت و سلامتی اولین ترجیح، گورنر خیبر پختونخوا کی ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت

عوام کی صحت و سلامتی اولین ترجیح، گورنر خیبر پختونخوا کی  ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کوہاٹ سمیت دیگر متاثرہ اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور ضلعی انتظامیہ کو درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبے میں اب تک ڈینگی کے 3771 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ اس بیماری سے 2 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ کوہاٹ 2319 کیسز کے ساتھ صوبے کا سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے میں ڈینگی کی صورتحال سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں گورنر کی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے گورنر کو صوبے میں ڈینگی کے کیسز، انسداد ڈینگی ایکشن پلان پر عمل درآمد اور اس حوالے سے کیے جانے والے دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ صوبہ بھر میں اب تک ڈینگی کے مجموعی طور پر 3771 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس بیماری کے باعث 2 اموات ہو چکی ہیں۔ ضلع کوہاٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں ڈینگی کے 2319 کیسز سامنے آئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیاں، شہری آبادی میں بے ہنگم اضافہ، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامل ڈینگی کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمن کے فرزند مولانا اسعد محمود کے دورِ میں وزارت مواصلات میں اربوں کی مالی بے ضابطگیاں ، آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

متعلقہ حکام نے گورنر کو بتایا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک جامع ڈینگی ایکشن پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈینگی رپورٹنگ اور سرویلنس سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ڈینگی سے متعلق بڑے پیمانے پر عوامی آگہی پیدا کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے تعاون سے مہم جاری ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں 1666 سے زائد بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ کوہاٹ میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہنگامی اقدامات کرے اور اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے دیگر متاثرہ اضلاع میں بھی ڈینگی کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں تاکہ بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کا سب سے مؤثر ذریعہ عوامی آگہی ہے۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے محکمہ اطلاعات کے تعاون سے عوامی آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مہم کو ہر شخص تک قابل رسائی بنانے کے لیے دیگر ذرائع کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔

Related Articles