معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے لیے قانونی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر جھانسی کی عدالت نے 2010 کے ایک خودکشی کیس میں بار بار پیش نہ ہونے پر اداکارہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ راکھی ساونت کے ٹی وی شو ’راکھی کا انصاف‘ میں ایک شخص کے خلاف توہین آمیز اور نامناسب ریمارکس دینے سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ پروگرام نشر ہونے کے بعد مذکورہ شخص نے خودکشی کرلی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 16 اکتوبر کو وارنٹ جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ راکھی ساونت کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو کے مطابق مقدمے کی اگلی سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔
یہ کیس جھانسی کے علاقے ہنساری، پریم نگر کے رہائشی لکشمن اہروار کی موت سے متعلق ہے، جو 10 نومبر 2010 کو انتقال کرگئے تھے۔ لکشمن اہروار کی موت کے بعد ان کی والدہ ساوتری نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ درخواست میں الزام لگایا گیا کہ راکھی ساونت نے اکتوبر 2010 میں نشر ہونے والے اپنے ٹی وی پروگرام کے دوران ان کے بیٹے کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے تھے۔
اس مقدمے میں اداکارہ کے خلاف الزامات عدالتی کارروائی کا حصہ ہیں، جبکہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری ہونے کا تعلق ان کی عدالت میں عدم حاضری سے بتایا گیا ہے۔