چیف جسٹس امین الدین خان بیرونِ ملک روانہ، جسٹس حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

چیف جسٹس امین الدین خان بیرونِ ملک روانہ، جسٹس حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس حسن اظہر رضوی نے حلف اٹھا لیا ہے۔ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی بیرونِ ملک موجودگی کے دوران وہ یہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

وفاقی آئینی عدالت پاکستان نے قائم مقام چیف جسٹس کی تقریبِ حلف برداری سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق جسٹس عامر فاروق نے جسٹس حسن اظہر رضوی سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان بیرونِ ملک دورے پر ہیں، جس کے باعث ان کی عدم موجودگی میں جسٹس حسن اظہر رضوی قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

وفاقی آئینی عدالت کے اعلامیے کے مطابق بین الاقوامی سطح پر آئینی عدالتوں کی تنظیم نے وفاقی آئینی عدالت پاکستان کو مبصر کا درجہ دیا تھا۔ اسی سلسلے میں عدالت کو آذربائیجان میں منعقد ہونے والے اہم ورکنگ وزٹ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:معیشت کا حجم 450 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، فی کس آمدن 1,896 ڈالر ریکارڈ

اعلامیے کے مطابق یہ ورکنگ وزٹ 19 سے 24 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس میں شرکت کے لیے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان بیرونِ ملک روانہ ہوئے ہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی کی جانب سے قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد چیف جسٹس کی واپسی تک عدالت کے انتظامی اور عدالتی امور ان کی سربراہی میں انجام دیے جائیں گے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles