پاکستان میں بلیو پاسپورٹس کی تعداد 75 ہزار سے کم کرکے 45 ہزار کردی گئی، طلال چودھری

پاکستان میں بلیو پاسپورٹس کی تعداد 75 ہزار سے کم کرکے 45 ہزار کردی گئی، طلال چودھری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال  چوہدری  نے کہا ہے کہ پاکستان میں بلیو پاسپورٹس کی تعداد میں کمی کرکے اسے 75 ہزار سے 45 ہزار تک محدود کردیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد پاکستان کے پاسپورٹ کی عالمی ساکھ اور درجہ بندی سے جڑے معاملات کو بہتر طور پر دیکھنا ہے۔

سینیٹ میں پاسپورٹ بل پر گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ بلیو پاسپورٹس کی تعداد محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ بیرونِ ملک پاکستان کے پاسپورٹ کی حیثیت سے بھی اس کا تعلق ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب پاکستان دوسرے ممالک کے ساتھ ویزا فری سفر کی سہولت حاصل کرنے کے لیے بات چیت کرتا ہے تو متعلقہ ممالک بلیو پاسپورٹس کی تعداد کے بارے میں بھی معلومات لیتے ہیں  اس لیے پاسپورٹس کے اجرا اور ان کی مجموعی تعداد کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ای پاسپورٹ بنوانا کتنا مہنگا ہو گیا؟ نئی فیسوں کا باضابطہ شیڈول جاری

طلال  چوہدری نے سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹس جاری کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرکاری افسران کے بچوں کو بھی یہ سہولت دی جا رہی ہے تو اس سلسلے کو روکنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بلیو پاسپورٹس کے اجرا کے قواعد اور ان کے حقدار افراد کا تعین سنجیدگی سے کیا جانا چاہیے، کیونکہ اس کا تعلق پاکستان کی بین الاقوامی سفری سہولتوں اور پاسپورٹ کی عالمی حیثیت سے ہے۔

editor

Related Articles