سدھو موسے والا کے بھائی کی ویڈیو پر ہنگامہ، حکام سے تحقیقات کا مطالبہ

سدھو موسے والا کے بھائی کی ویڈیو پر ہنگامہ، حکام سے تحقیقات کا مطالبہ

مرحوم پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے چھوٹے بھائی سکھدیپ سنگھ سدھو کے کینیڈا میں ایک کنسرٹ کے دوران پستول سے فائرنگ کی نقل کرنے پر ان کے والدین کے لیے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔ بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے اس معاملے پر بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع مانسا کی انتظامیہ کو باضابطہ شکایت جمع کروا دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، لائیرز فار ہیومن رائٹس انٹرنیشنل نے 17 اکتوبر کو ضلع مانسا کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سے رجوع کیا۔ تنظیم نے معاملے کی تحقیقات، والدین کی کونسلنگ اور بچے کی فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ ڈھائی سالہ سکھدیپ سنگھ سدھو، جنہیں پیار سے چھوٹا سدھو بھی کہا جاتا ہے، کو عوامی مقامات پر ہتھیاروں کی نقل کرنے یا فائرنگ کے اشارے کرنے کی حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:سلمان خان سے تعلق مہنگا پڑ گیا؟ ٹائیگر شروف کو نشانہ بنانے کی وجہ سامنے آگئی

کنسرٹ میں کیا ہوا تھا؟

رپورٹ کے مطابق، 9 اکتوبر کو کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں اسکاٹیا بینک ارینا میں منعقدہ ’سائنڈ ٹو گاڈ ورلڈ ٹور‘کے افتتاحی شو کے دوران سکھدیپ سنگھ کو اسٹیج پر لایا گیا۔ اس موقع پر ان کے والد بلکور سنگھ اور والدہ چرن کور بھی موجود تھے۔

کنسرٹ کے دوران بچے نے ہاتھ سے پستول بنانے کا اشارہ کیا اور ’’تھا، تھا، تھا‘‘ کی آوازیں نکالیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے مرحوم بھائی سدھو موسے والا سے منسوب ران پر ہاتھ مارنے کا انداز بھی اپنایا۔ اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

تنظیم نے بچے کی حفاظت پر تشویش ظاہر کردی

شکایت میں سدھو موسے والا کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے بچے کی حفاظت اور ذہنی و جسمانی فلاح و بہبود سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

تنظیم نے متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ والدین کے لیے کونسلنگ کا انتظام کیا جائے اور ایسی ہدایات جاری کی جائیں جن کے ذریعے بچے کو عوامی اجتماعات میں ہتھیاروں کے اشاروں کی نقل کرنے سے روکا جا سکے۔

تنظیم نے واضح کیا ہے کہ اس شکایت کا مقصد خاندان کو نشانہ بنانا یا سدھو موسے والا کی یاد کی توہین کرنا نہیں، بلکہ بچے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

آئندہ کنسرٹس کے پیش نظر فوری کارروائی کا مطالبہ

رپورٹ کے مطابق، سدھو موسے والا کے چھوٹے بھائی سے متعلق کنسرٹ ٹور کے تحت یکم نومبر تک کینیڈا اور امریکا کے مختلف شہروں میں مزید شوز شیڈول ہیں، جن میں وینکوور، کیلگری، نیویارک، ہیوسٹن اور اوکلینڈ شامل ہیں۔

تنظیم نے حکام پر زور دیا ہے کہ آئندہ تقریبات میں بچے کی ممکنہ موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت اقدامات کیے جائیں۔تاحال فراہم کردہ رپورٹ میں انتظامیہ کی جانب سے شکایت پر کسی حتمی فیصلے یا کارروائی کی تصدیق نہیں کی گئی۔

editor

Related Articles