علاقائی ترقیاتی کونسل میں جمرود سے منتخب ہونے پر حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کا شکر گزار ہوں، عوامی خدمت ہمارے خاندان کی روایت ہے، کونسل کے ذریعے محروم علاقوں کے مسائل اجاگر کرنے اور ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کریں گے، ملک صلاح الدین کی خصوصی گفتگو
ضلع خیبر کی تحصیل جمرود سے تعلق رکھنے والے علاقائی ترقیاتی کونسل کے رکن ملک صلاح الدین نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، عوامی مسائل کا حل اور محروم طبقات کی خدمت ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے 12 اضلاع پر مشتمل کونسل میں جمرود سے منتخب ہونے پر حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک صلاح الدین نے کہا کہ انہیں جمرود کے عوام کی خدمت کا موقع ملنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ وہ اس انتخاب پر حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد نے بھی عوامی خدمت کو اہمیت دی اور الحمدللہ ان کے خاندان کی عوامی خدمت کی ایک اچھی روایت رہی ہے۔ وہ اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے علاقے کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔
ملک صلاح الدین نے کہا کہ وزیرستان سے باجوڑ تک پھیلے قبائلی اضلاع کو ترقیاتی منصوبوں، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولتوں کے حوالے سے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے بقول، ان علاقوں میں صوبائی حکومت کی جانب سے خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کیے گئے، جبکہ بدامنی اور بڑے منصوبوں کی کمی نے مقامی آبادی کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے محدود مواقع بھی ایک اہم مسئلہ ہیں، جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے کہ مقامی آبادی کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے۔ سڑکوں، تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولتوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مربوط کوششیں ہونی چاہییں، تاکہ ان علاقوں کے عوام بھی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔
ملک صلاح الدین کے مطابق علاقائی ترقیاتی کونسل میں ایسے افراد شامل ہیں جو قبائلی علاقوں کے رسم و رواج، روایات، مقامی ضروریات اور جرگے کے نظام سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی روایات اور زمینی حقائق سے آگاہی عوامی مسائل کو سمجھنے اور ان کے قابلِ عمل حل تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کونسل کے ارکان باہمی تعاون کے ذریعے غریب اور محروم طبقات کی خدمت کریں گے اور قبائلی اضلاع میں ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کے ذریعے عوامی مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے، مقامی آبادی کی ضروریات اجاگر کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے توجہ حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان کے بقول، علاقے کی حقیقی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ملک صلاح الدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جمرود سمیت قبائلی اضلاع کے عوام کی بہتری، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقائی ترقیاتی کونسل عوامی مسائل کے حل اور قبائلی اضلاع کو ترقی کے قومی دھارے میں مزید مؤثر انداز میں شامل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔