پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول 88 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 53 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 21 اکتوبر 2026 کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 382 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 381 روپے 14 پیسے سے بڑھا کر 382 روپے 2 پیسے کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 27 پیسے سے بڑھ کر 389 روپے 80 پیسے ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے 21 اکتوبر 2026 تک کے لیے کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف، پیٹرول 5.16 اور ڈیزل 7.69 روپے سستا

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 27 مرتبہ کمی اور 37 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 26 مرتبہ کمی جبکہ 37 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 19 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 69 پیسے کی بڑی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 381 روپے 14 پیسے اور ڈیزل 389 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 16 اکتوبر کو حکومت نے 17 سے 19 اکتوبر تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 386 روپے 30 پیسے مقرر ہوئی تھی۔ اس وقت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی اور اسے 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا گیا تھا۔

مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کر رہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

Related Articles