طالبہ کے ساتھ ویزا فراڈ کرنے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

طالبہ کے ساتھ ویزا فراڈ کرنے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

اسلام آباد میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ لائبہ اعجاز کے ساتھ امریکی ویزے کے نام پر فراڈ کے مقدمے میں گرفتار ملزم محمد نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزم کو برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔

وفاقی پولیس کے ترجمان نے ملزم کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ تھانہ رمنا کی حدود میں پیش آیا۔، پولیس ٹیم زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر برآمدگی کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں گھات لگائے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اسے چھڑانے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے دوران زیر حراست محمد نعمان زخمی ہوگیا تاہم پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہے، زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے  ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

یہ بھی پڑھیں :کرپشن پر ہاتھ پڑا تو چیخیں نکل گئیں! کرک کے شہریوں کا فضل الرحمٰن اور بیٹوں کے احتساب کا مطالبہ

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور ملزم کو چھڑانے کے لیے آئے تھے، جبکہ واقعے کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، محمد نعمان انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ لائبہ اعجاز کے مقدمے میں گرفتار تھا ، پولیس کے مطابق لائبہ نے خودکشی کی تھی اور اس مقدمے میں نعمان پر امریکی ویزے کے حوالے سے فراڈ کا الزام تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، حکام کے مطابق نعمان کا ایک بھائی اور اس کے کزنز بھی جیل میں ہیں،پولیس ترجمان کے مطابق محمد نعمان اور اس کے بھائیوں کے خلاف مانسہرہ کے تھانہ سٹی میں 85 لاکھ روپے کے فراڈ کا مقدمہ بھی درج تھا۔ ہلاک ہونے والا ملزم اس مقدمے میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

editor

Related Articles