پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد کہا ہے کہ حسن نواز، عرفات منہاس اور فہیم اشرف نے اچھی بیٹنگ کی، تاہم ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بعض شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
قومی کپتان نے عرفات منہاس اور فاسٹ بولرز کی فارم کو ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرفات منہاس بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی اور مکمل آل راؤنڈر ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عرفات منہاس مستقبل میں بھی کئی مزید میچز میں پاکستان ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آل راؤنڈر عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پر گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ صائم ایوب 8 رنز بنا کر 31 کے مجموعی اسکور پر سونی بیکر کا شکار بنے، جبکہ بابراعظم 34 رنز بنا کر 59 کے مجموعی اسکور پر ول جیکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 81 رنز پر گری، جب سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر حسن نواز اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالا اور پانچویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ سعد بیگ 54 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر گس اٹکنسن کی دوسری وکٹ بنے۔
پاکستان نے 27.3 اوورز میں 133 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دی تھیں، تاہم حسن نواز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل دوسری ون ڈے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 74 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ عرفات منہاس نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 211 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد حسن نواز جیمی اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔