پشاور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 300 سے زائد دکانوں اور مارکیٹوں کی غیر قانونی تعمیرات مسمار

پشاور  میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 300 سے زائد دکانوں اور مارکیٹوں کی غیر قانونی تعمیرات مسمار

پشاور میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران رنگ روڈ پر اب تک 300 سے زائد دکانوں اور مارکیٹوں کی غیر قانونی تعمیرات مسمار کردی گئی ہیں، جبکہ چارسدہ، نوشہرہ اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کے مطابق رنگ روڈ پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گرینڈ آپریشن کے دوران جمیل چوک، پیر زکوڑی فلائی اوور، پشتخرہ چوک اور رنگ روڈ سے ملحقہ دیگر علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ہٹایا جارہا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد سرکاری اراضی کو تجاوزات سے پاک کرنا، سڑکوں کی کشادگی برقرار رکھنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات دلانا ہے۔

گورنر راج کے بعد خیبر پختونخوا میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے۔ پشاور کے شیر پاؤ بازار کے بعد چارسدہ اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں بھی بڑے آپریشن شروع کیے گئے ہیں، جن کے دوران سڑکوں اور بازاروں کے اطراف قائم غیر قانونی تعمیرات مسمار کی جارہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ، ٹاؤن انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی نگرانی میں جاری ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد عوامی گزرگاہیں بحال کرنا، سڑکوں کی حدود واگزار کرانا اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر قانونی تعمیرات دوبارہ قائم کرنے کی روک تھام کے لیے بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کے مطابق فقیر آباد کے علاقے میں بھی دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ہٹائی جارہی ہیں۔ شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور بازاروں میں تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اور قانون کی پاسداری کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ پشاور نے شہر بھر میں ناجائز تجاوزات اور سڑک کنارے قائم غیر قانونی پٹرول پمپ ہٹانے کی کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت کے لیے یہ آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

پشاور کی سرکلر روڈ پر تجاوزات کی نشاندہی کے لیے ڈیمارکیشن کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے جلد میگا آپریشن شروع کیا جائے گا۔

Related Articles