پنجاب حکومت نے صوبے میں گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اس کی جگہ مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کا بیگ متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبائی سطح پر مارکیٹس کے نظام اور غذائی اجناس کی نقل و حمل کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کئی اقدامات کی منظوری دی گئی۔
آٹے کا 20 کلو کا تھیلا بند
اجلاس کے دوران صوبے میں آٹے کی سپلائی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومتی احکامات کے مطابق اب مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کا بیگ ہی متعارف کرایا جائے گا، اس کے ساتھ ہی گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بین الصوبائی سرحدوں پر چیکنگ کا نظام مزید سخت کرنے اور کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکاری اراضی اور مخصوص اسکیماں پر صرف گندم کی کاشت کا حکم
زرعی پیداوار کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیصلے کے تحت سرکاری اراضی کے علاوہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر صرف گندم کی فصل ہی کاشت کی جائے گی۔
رمضان المبارک کے لیے پھلوں کا ذخیرہ اور اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ
اجلاس میں آمدہ رمضان المبارک کے پیشِ نظر کیلا، سیب اور کھجور کنٹرول نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے علاقوں کے کولڈ اسٹوریج میں ضرورت کے مطابق ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو سبزیوں، دالوں اور دیگر بنیادی اجناس سمیت 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
مارکیٹ ویسٹ، ڈی ہائیڈریشن اور “منڈی مارٹ” منصوبے
صوبے میں بنیادی ڈھانچے اور جدید زرعی سہولیات کے لیے درج ذیل فیصلوں کی منظوری دی گئی ، ویسٹ ٹو ویلتھ: پنجاب میں پہلی بار “ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ” کا منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پامرا (PAMRA) کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی سال بھر دستیابی کے لیے ڈی ہائیڈریشن منصوبے کی منظوری دی گئی ہے ۔
کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے پہلے “منڈی مارٹ” پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کے ساتھ صوبہ بھر میں ایسے مزید مارٹس قائم کرنے کا حکم دیا گیا ۔
کھلے دودھ کی فروخت ریگولیٹ کرنے کی ہدایت
اجلاس میں عام شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی کے پیشِ نظر کھلے دودھ کی فروخت کو ریگولیٹ کرنے اور اس حوالے سے جامع اور مؤثر اقدامات نافذ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
حکومتی ترجمانوں کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد صوبے میں غذائی اجناس کی دستیابی یقینی بنانا اور قیمتوں کے استحکام کو قائم رکھنا ہے۔