خیبرپختونخوا میں سرکاری تعلیمی اداروں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اساتذہ و دیگر عملے کی حاضری کی مؤثر نگرانی کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے تمام سرکاری اسکولوں اور دفاتر میں ایچ آر حاضری ایپ کا نفاذ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے عمل درآمد کی ہدایات دے دی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایچ آر آن لائن/آف لائن حاضری ایپ کے ذریعے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں اور دفاتر میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی حاضری ڈیجیٹل انداز میں درج، مانیٹر اور منظم کی جائے گی۔ اس اقدام کا اطلاق 22 اکتوبر 2026 سے کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ افسران اور اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ عملے کی حاضری باقاعدگی سے ایپ کے ذریعے یقینی بنائیں۔
محکمہ تعلیم نے ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم اور تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں ایپ کے فوری نفاذ کو یقینی بنائیں۔ ہائر سیکنڈری، ہائی، مڈل اور پرائمری اسکولوں کے سربراہان سمیت متعلقہ دفاتر کو ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایپ تک رسائی کے لیے متعلقہ اسکولوں اور دفاتر کی آئی ای ایم آئی ایس لاگ اِن تفصیلات استعمال ہوں گی، جبکہ حاضری مقررہ طریقۂ کار کے مطابق درج کی جائے گی۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے دور میں انتظامی امور اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل حاضری نظام کا نفاذ سرکاری اسکولوں کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس نظام سے عملے کی حاضری کا ریکارڈ مرتب کرنے، نگرانی کے عمل کو مؤثر بنانے اور انتظامی جواب دہی میں بہتری لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایپ پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے 27 اکتوبر 2026 کو مشیر تعلیم خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس بھی شیڈول کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم اور تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نفاذ کی صورت حال اور اپنے علاقوں میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔
محکمہ تعلیم نے ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور ضروری کارروائی فوری مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔ سرکاری اسکولوں اور دفاتر میں ڈیجیٹل حاضری نظام کا نفاذ تعلیمی انتظامی امور میں بہتری، نگرانی کے مؤثر نظام اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کے فروغ کی جانب ایک نیا قدم ہے۔