وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے اگلے 3 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 24 سے 26 اکتوبر 2026 تک نافذ العمل قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 377 روپے 71 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 391 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 393 روپے 63 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب 12 بجے سے ہوگا اور یہ 26 اکتوبر 2026 تک نافذ رہیں گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 29 مرتبہ کمی اور 37 مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 26 مرتبہ کمی اور 40 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل 22 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد قیمت 377 روپے 71 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کے بعد 391 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔
21 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 379 روپے 31 پیسے ہوگئی تھی۔ اس روز ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 390 روپے 11 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
20 اکتوبر کو پیٹرول 88 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 53 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 382 روپے 02 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
19 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 69 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔ اس کے بعد پیٹرول 381 روپے 14 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 389 روپے 27 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 16 اکتوبر کو حکومت نے 17 سے 19 اکتوبر تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 386 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرتی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔