بھارتی شہر ممبئی میں بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی رہائش گاہ اور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں ملنے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے میئر کے دفتر کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر حملے اور نومبر میں دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے دوران سیکیورٹی میں خلل ڈالنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
دھمکی آمیز ای میل سامنے آنے کے بعد ممبئی پولیس اور متعلقہ ادارے فوری حرکت میں آگئے۔ پولیس نے نشاندہی کیے گئے مقامات کی تلاشی لی اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران کسی مشکوک چیز یا فوری خطرے کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ حالیہ واقعات کے بعد ممبئی میں معروف فلمی شخصیات کی رہائش گاہوں اور بڑے عوامی اجتماعات کے مقامات پر حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔