دہشت گردی کا خاتمہ، امن کا قیام،خیبرپختونخوا کے عوام کا خواب پورا کرنا ہے،فیصل کریم کنڈی

دہشت گردی کا خاتمہ، امن کا قیام،خیبرپختونخوا کے عوام کا خواب پورا کرنا ہے،فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لہر جاری ہے، تاہم ہماری کوشش ہے کہ ان دونوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام امن، تحفظ اور خوشحالی کی زندگی گزار سکیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے حسن ابدال، ضلع اٹک میں دربارِ اعظمیہ سالک آباد شریف میں عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ خانقاہیں اپنی تعلیمات کے ذریعے معاشرے میں امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دے کر انتہا پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :گورنر خیبر پختونخوا کی مسلسل مانیٹرنگ، ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی ، واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ صوفیائے کرام کی تعلیمات بھی انسانیت سے محبت، برداشت اور احترام کا پیغام دیتی ہیں، جنہیں عام کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے عوام بھی امن اور خوشحالی کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ نوجوانوں کی خواہش ہے کہ وہ خوف و ہراس سے آزاد ماحول میں تعلیم حاصل کریں اور ترقی کی منازل طے کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر سمیت علمائے کرام اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے پاکستان اور اس کے اداروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو یہ اعزاز بخشا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے افواجِ پاکستان کا انتخاب کیا گیا۔

editor

Related Articles