پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف ناقابلِ یقین اننگز کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔
آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 113 رنز بنانے والے شاداب نے نہ صرف پاکستان کو سنسنی خیز فتح دلائی بلکہ انفرادی اسکور اور آخری وکٹ کی شراکت کے اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف 242 رنز کا ہدف ملا۔ قومی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار تھی اور شکست کے امکانات بڑھ رہے تھے۔
ایسے وقت میں شاداب خان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 96 گیندوں پر ناقابلِ شکست 113 رنز بنائے اور ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی۔
اس کارکردگی کے ساتھ شاداب خان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں آٹھویں یا اس سے نچلے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
شاداب نے حارث رؤف کے ساتھ مل کر دسویں وکٹ پر 89 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے دباؤ میں غیرمعمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلا دی۔
اس شراکت نے ون ڈے کرکٹ میں ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے دسویں وکٹ کے لیے قائم 51 سالہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے ڈیرک مرے اور اینڈی رابرٹس نے 1975 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف دسویں وکٹ پر ناقابلِ شکست 64 رنز جوڑے تھے۔
شاداب کی دھواں دار بیٹنگ نے سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق کی یاد بھی تازہ کردی۔ عبدالرزاق دباؤ کے لمحات میں جارحانہ بیٹنگ اور میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت کے لیے مشہور تھے۔